پنجاب میں سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات دی جا رہی ہیں: چوہدری شافع حسین
مصطفی آباد/للیانی(نامہ نگار)صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین ، چین میں پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی کا 40رکنی چینی سرمایہ کاروں کے وفد کے ہمراہ چیلنج سپیشل اکنامک زون کا دورہ ،پنجاب میں سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے حوالے سے چین کے آئی بی آئی گروپ اور چیلنج گروپ کے درمیان ایک اہم معاہدے پر دستخط ہوئے ،معاہدے پر صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین اور آئی بی آئی گروپ کی ڈائریکٹر میڈم لیو نے دستخط کیے ،تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین نے مصطفی آباد میں چین کے چیلنج اپیرل گروپ کے زیر اہتمام قائم سپیشل اکنامک زون مصطفی آباد پانڈو کی ویلیج کا دورہ کیا، اس موقع پر پنجاب میں سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے حوالے سے چین کے آئی بی آئی گروپ اور چیلنج گروپ کے درمیان ایک اہم معاہدے پر دستخط ہوئے، معاہدے پر صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین اور آئی بی آئی گروپ کی ڈائریکٹر میڈم لیو نے دستخط کیے ،تقریب میں چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی، سیکرٹری صنعت و تجارت عمر مسعود، چیئرمین چیلنج گروپ مسٹر ہوانگ، چیف لیسکو رمضان بٹ اور چین کے معروف سرمایہ کاروں نے شرکت کی، اس کے علاوہ ڈی جی پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر سہیل احمد اور ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی بھی شریک تھے، صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیلنج گروپ ٹیکسٹائل انڈسٹری اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے ایک رول ماڈل ہے، اس گروپ نے پنجاب میں لاکھوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے اور مزید کارخانے بھی لگائے جا رہے ہیں، اس سرمایہ کاری سے آئندہ 3 سالوں میں مقامی لوگوں کے لیے 20 ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، چین کا ایک اور بڑا گروپ آئی بی آئی بھی پنجاب میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے، جو جدید زراعت کے فروغ میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے،صوبائی وزیر نے بتایا کہ شیخوپورہ کے قائد اعظم بزنس پارک میں 230 ایکڑ رقبے پر گارمنٹ سٹی بنایا گیا ہے جہاں آئی بی آئی گروپ ٹیکسٹائل انڈسٹری لگا سکتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں پہلی بار چپ فریم اور وی وو(Vivo)موبائل فون کی مینوفیکچرنگ شروع ہونے جا رہی ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ پنجاب میں صرف اسمبلنگ پلانٹس ہی نہیں بلکہ مینوفیکچرنگ کے کارخانے بھی لگیں،چوہدری شافع حسین نے کہا کہ سرمایہ کاری کا فروغ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا ویژن ہے، جن کی ہدایت پر سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات دی جا رہی ہیں، وزیر اعلیٰ نے چین کے ایک گروپ سے الیکٹرک بسیں بھی منگوائی ہیں اور ای وی (EV)سیکٹر میں مختلف چینی گروہوں نے سرمایہ کاری کر رکھی ہے ،علاقائی تنازعات پر بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ایران امریکہ جنگ کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجبوراً اضافہ کرنا پڑا ہے تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ امن کی صورتحال بہتر ہوتے ہی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔