پاکستانی ہیلتھ سیکٹر میں چینی سرمایہ کاروں کیلئے وسیع امکانات موجود ہیں:مصطفی کمال

پاکستان ادویات کے شعبے میں چین سے ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کا خواہاں ، چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن سے ملاقات ، گفتگو
بیجنگ؍ اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہاہے کہ پاکستان کے ہیلتھ سیکٹر میں چینی سرمایہ کاروں کیلئے وسیع امکانات موجود ہیں،چینی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے بھرپور پیش رفت کی جا رہی ہے۔ وز ارت صحت سے جاری اعلامیہ کے مطابق مصطفی کمال نے ایس سی او کانفرنس کے دوران چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن سے ملاقات کی، چینی نیشنل ہیلتھ کمیشن نے وزیر صحت کا پرتپاک استقبال اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔وزیر صحت نے کورونا وباء کے دوران چین کی جانب سے فراہم کی گئی امداد کو سراہا اور چینی حکومت کا پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مصطفی کمال نے کہا کہ پرائمری وٹرشری ہیلتھ کیئر میں خلا کم کرنے کیلئے ٹیلی میڈیسن کا استعمال ناگزیر ہے، پاکستان میں ٹیلی میڈیسن کے فروغ کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں، چینی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے بھرپور پیش رفت کی جا رہی ہے۔انہوں نے فارما انڈسٹریز اور میڈیکل آلات بنانے والی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بیشتر ادویہ ساز کمپنیاں اپنا خام مال چین سے درآمد کرتی ہیں، پاکستان ادویات کے شعبے میں چین سے ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کا خواہاں ہے۔چینی ہیلتھ کمیشن نے مصطفی کمال کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور تجاویز کو مثبت انداز میں سراہا۔ دونوں نے صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔