دوٹوک مؤقف اپنانے پر اسپیکر پنجاب اسمبلی کا فیس بک پیج بھارت میں بلاک

دوٹوک مؤقف اپنانے پر اسپیکر پنجاب اسمبلی کا فیس بک پیج بھارت میں بلاک

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کے پہلگام واقعے پر دوٹوک مؤقف اور بھارتی بیانیے کی کھل کر مخالفت بھارت کو برداشت نہ ہوئی، جس پر اُن کا فیس بک پیج بھارت میں بلاک کر دیا گیا۔

ملک احمد خان نے پہلگام واقعے کے اصل حقائق پر مبنی پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے بھارتی میڈیا کی بے بنیاد اور گمراہ کن رپورٹنگ کو بے نقاب کیا اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں پر بھارت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔اسپیکر نے عالمی سطح پر پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور قومی مفادات کا دفاع کرتے ہوئے بھارت کے جھوٹے بیانیے کا پردہ چاک کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی صرف پانی پر نہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی بھی ہے۔

ملک احمد خان کے مطابق بھارت میں اظہارِ رائے کی آزادی کے تمام دعوے اس وقت بے نقاب ہو گئے جب سچائی پر مبنی مؤقف کو فیس بک جیسے پلیٹ فارم پر بلاک کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت تنقید برداشت نہیں کر سکتا اور سچائی چھپانے کے لیے ہر حد پار کرنے کو تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، اور ہر عالمی فورم پر بھارت کی حقیقت دنیا کے سامنے لاتے رہیں گے۔