کلرکہار موٹروے پر پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں شارٹ سرکٹ کے باعث مسافر بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
تاہم موٹر وے پولیس کی بروقت اور بہادری سے کی گئی کارروائی کے نتیجے میں بس میں سوار تمام 48 مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق بس ساہنیا والا سے اسلام آباد کی طرف جا رہی تھی کہ کلرکہار کے مقام پر اچانک بس کے نیچے سے دھواں اٹھنے لگا، جو دیکھتے ہی دیکھتے شعلوں میں بدل گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس کے اہلکار فوری موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔پولیس نے فوری طور پر مسافروں کو بس سے باہر نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا جبکہ ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی کی۔ آگ سے بس مکمل طور پر جل گئی تاہم مسافروں کے محفوظ بچاؤ کو پولیس نے اپنی کامیابی قرار دیا۔
ترجمان کے مطابق، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور ایسے کسی بھی ہنگامی حالات میں فوری ردعمل کی تربیت یافتہ ہے۔واقعے کے بعد متاثرہ بس کی باقیات کو سڑک سے ہٹا کر ٹریفک کو بحال کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچاؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔