6 بچوں کا باپ خاور موقع پر دم توڑ گیا ، تھانیدار اور 2 اہلکاروں کیخلاف مقدمہ ورثا کا تھانے کے سامنے روڈ بلاک کرکے احتجاج ، عمارت کے شیشے توڑ دئیے
احمد نگر چٹھہ(خصوصی رپورٹ )پولیس نے 50 سالہ شخص کو ڈکیت سمجھ کر گولی مار دی ،ورثا نے تھانے کے سامنے 4 گھنٹے روڈ بند کر کے شدید احتجاج کیا، عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے، اے ایس آئی اور 2کانسٹیبلوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ، پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے گوجرانوالہ منتقل کر دیا ۔ گزشتہ رات احمد نگر کے علاقہ کالونی کے پاس پولیس کی فائر نگ سے 6 بچوں کا باپ خاور نامی شخص جاں بحق ہو گیا ، لواحقین نے پولیس سٹیشن کے آگے ٹریکٹر ٹرالی کھڑی کر کے روڈ کو بلاک کر دیا اور شدید نعر یبازی کی اور پولیس سٹیشن کے شیشے بھی توڑ دئیے۔ احتجاج میں شامل افراد نے کہا کہ پولیس نے خاور پر ناحق فائرنگ کی جو مزدوری کر کے گھر واپس آ رہا تھا۔ حالات خراب ہونے پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن گوجرانوالہ، ایس پی صدر گوجرانوالہ،ڈی ایس پی وزیرآباد محمد فیاض نے موقع پر پہنچ کر ورثا سے مذاکرات کئے اور موقع پر جانے والے تینوں افراد پر مقدمہ کی یقین دہانی کراتے ہوئے روڈ کو کھلوا دیا۔ ایس ایچ او احمدنگر بلال بٹ کے مطابق مدعی کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، پولیس اہلکار 15 کی کال پر وقوعہ پر گئے تھے، پولیس کو دیکھ کر خاور سمیت 2افراد نے دوڑلگا دی، مشکوک سمجھ کر فائرنگ کی جبکہ مدعی مقدمہ منظر ارشاد نے موقف میں بتایا کہ اسکا بھائی خاور خربوزہ فروخت کر کے گائوں واپس آ رہا تھا، احمد نگر کالونی کے پاس پہلے سے موجود پولیس اہلکاروں نے روکا اور بغیر وجہ فائر نگ کرکے نا حق قتل کر دیا۔ پو لیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہو نیوالے خاور کا تعلق نواحی علاقہ حجام والا سے ہے، مقتول کی 4 بیٹیاں اور 2بیٹے ہیں۔