کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ افواجِ پاکستان کے بہادر اور شیر دل سپوت پاکستانی ماؤں کی مثالی تربیت کا ثمر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن اُن عظیم ماؤں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے جو محبت، قربانی اور شفقت کی علامت ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماں کی گود نہ صرف انسان کی پہلی تربیت گاہ ہے بلکہ یہ قومی کردار سازی کا پہلا اور مضبوط مرکز بھی ہے۔ ماں صرف ایک رشتہ نہیں بلکہ وہ مکمل سرمایہ ہے جو زندگی بھر کامیابی، حوصلے اور حوصلہ افزائی کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔گورنر سندھ نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ ہر محاذ پر کامیابی میں پاکستانی ماؤں کی دعاؤں کا بڑا کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک باہمت ماں ہی وہ عظیم جوان پیدا کرتی ہے جو وطن کے لیے بہادری سے لڑتا اور قربانی دیتا ہے۔انہوں نے ماؤں کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم کی ترقی، استحکام اور دفاع میں ماؤں کا کردار ناقابل فراموش ہے، اللہ تعالیٰ ہر ماں کو سلامت رکھے۔