ویب ڈیسک: پاکستان کی معروف ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آ گئی ہیں، اس بار وجہ بنا ان کا حالیہ ڈرامہ، جس میں ان کے چہرے کی تبدیلی نے مداحوں کو چونکا دیا۔
نجی ٹی وی سے نشر ہونے والے ڈرامے میں نادیہ حسین کے بھاری میک اپ، فیلرز اور بوٹوکس کی وجہ سے چہرے کے بگڑے ہوئے نقوش کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کئی صارفین نے تبصرہ کیا کہ اداکارہ کی مصنوعی خوبصورتی ان کی اداکاری پر بھی اثر انداز ہو رہی ہے، اور وہ اپنے جذبات صحیح طریقے سے ادا نہیں کر پا رہیں۔ ایک صارف نے لکھا، ’’اوہ خدا! نادیہ حسین کے ساتھ آخر ہوا کیا ہے؟ فیلرز اور بوٹوکس نے ان کے چہرے کو تباہ کر دیا ہے۔‘‘کچھ ناظرین نے ان کے حلیے کو فلمی ولن یا یہاں تک کہ ٹرانسجینڈر کرداروں سے تشبیہ دی۔ ایک اور صارف کا کہنا تھا، ’’وہ اپنے چہرے پر اتنا میک اپ لگاتی ہیں کہ اصل چہرہ پہچاننا مشکل ہو گیا ہے۔‘‘
یہ پہلا موقع نہیں جب نادیہ حسین کو ان کی سرجریز، بھاری میک اپ اور چہرے کی تبدیلی پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ اس سے قبل بھی وہ کئی بار اسی وجہ سے خبروں میں رہ چکی ہیں۔اگرچہ نادیہ حسین نے تاحال ان تبصروں کا کوئی جواب نہیں دیا، لیکن یہ صورتحال شوبز میں مصنوعی خوبصورتی کے بڑھتے رجحان پر ایک نئی بحث کو جنم دے رہی ہے۔