ماسکو(یواین پی)چینی صدر شی جن پھنگ نے ماسکو میں سوویت یونین کی عظیم حب الوطنی کی جنگ کی فتح کی 80ویں سالگرہ منانے کی تقریبات میں شرکت کے دوران سربیا، میانمار ، کیوبا، وینزویلا اور سلوواکیہ کے رہنمائوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ہفتہ کے روز چینی میڈ یا نے بتا یا کہ سربیا کے صدر وُوچچ سے ملاقات کے دوران، شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ 80 سال پہلے، چینی عوام اور سرب عوام نے فا شزم کیخلاف جنگ میں ایشیا اور یورپ کے میدان جنگ میں فتح کے لئے اہم کردار ادا کیا۔میانمار کے رہنما من آنگ ہلاینگ سے ملاقات کے دوران، شی جن پھنگ نے کہا کہ چین میانمار کی حمایت کرتا ہے کہ وہ اپنے قومی حالات کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے اورملکی سیاسی ایجنڈے کو مستحکم اندازمیں آگے بڑھائے۔ کیوبا کے صدر ڈیاز کینل سے ملاقات کے دوران، شی جن پھنگ نے کہا کہ چین ثابت قدمی کے ساتھ کیوبا کی حمایت کرتا ہے کہ وہ غیر ملکی مداخلت اور ناکہ بندی کی مخالفت کرتے ہوئے اپنی خودمختاری کی حفاظت کرے اور ملک کی اقتصادی اور سماجی ترقی کو فروغ دے۔