مسلح افراد نے جنوب مشرقی ریاست ایمو میں مرکزی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کیں اور گاڑیوں کو آگ لگانے کے بعد فائرنگ کی،پولیس
نائیجر(آئی این پی )نائیجیریا میں مسلح افراد نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 30مسافروں کو ہلاک کردیا۔غیرملکی خبر رساںادارے کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بتایا کہ نائیجیریا کی جنوب مشرقی ریاست ایمو میں مسافر گاڑیوں پر حملہ کیا گیا اور 30افراد کو نشانہ بنایا گیا۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بتایا کہ حملہ آوروں نے 20سے زائد گاڑیوں اور ٹرکوں کو نذر آتش کردیا ۔ حملہ آروں کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ کالعدم علیحدگی پسند انڈیجینئس پیپل آف بائیفرا کے ارکان تھے۔ایمو پولیس کے ترجمان ہنر اوکوئے نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک شخص پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ مسلح افراد نے مرکزی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کیں اور گاڑیوں کو آگ لگانے کے بعد فائرنگ کی۔پولیس نے بتایا کہ جامع تفتیش شروع کردی گئی ہے اور سکیورٹی اہلکار قریبی جنگلات اور اطراف میں آپریشن کر رہے ہیں ۔ شبہ ہے کہ ملزم حملے کے بعد اسی طرف فرار ہوگئے ہیں۔