سرگودھا:نکاسی آب کا تنازع ، فائرنگ سے 2افراد جاں بحق

تلخ کلامی کے بعد دونوں گروپوں میں فائرنگ شروع ہوگئی،خاتون سمیت دو زخمی 
سرگودھا(خصوصی رپورٹ )نواحی علاقے چک نمبر 104 شمالی میں پڑوسیوں کے درمیان نکاسی آب کے تنازع پر فائرنگ اور کلہاڑی سے دو افراد کو موقع پر قتل جبکہ خاتون سمیت دو کو شدید زخمی کر دیا، بتایا گیا کہ احسان اور شوکت حیات کا گھر آمنے سامنے ہے ،دونوں کے مابین نکاسی آب کے تنازع پر تلخ کلامی ہوئی تو دونوں اپنے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مسلح ہو کر آ گئے ، فائرنگ کے نتیجہ میں احسان اور شوکت موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ واقعہ میں مقتول احسان کا بھائی ستر سالہ احمد خان اور مقتول شوکت حیات کی بیوی منور بی بی شدید زخمی ہوگئے ، اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا ، پوسٹمارٹم کے بعدمیتیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں ، پولیس کا کہنا ہے کہ فرانزک ٹیمیں اور کرائم سین یونٹ نے شواہد جمع کر لئے ہیں ،وقوعہ کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔