شالیمار ، گنج بخش،گلبرگ ٹا ئون میں فنڈز کا بروقت استعمال نہ ہونے کے باعث بیشتر سکیمیں التوا کا شکار
لاہور (خصوصی رپورٹ) لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت واسا کو پنجاب حکومت کی جانب سے سیوریج، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری کے لئے اربوں روپے کے فنڈز جاری کئے گئے، تاہم 3 ٹا ئون کی مبینہ ناقص کارکردگی نے ان منصوبوں کو خطرے میں ڈال دیا۔شالیمار ٹا ئون، گنج بخش ٹا ئون اور گلبرگ ٹا ئون کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ غفلت برتی گئی۔ جاری کردہ فنڈز کا بروقت استعمال نہ ہونے کے باعث بیشتر سکیمیں التوا کا شکار ہو گئیں۔گلبرگ ٹا ئون کو ایک ارب 20 کروڑ جبکہ گنج بخش ٹا ئون کو2ارب90کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے گئے، لیکن دونوں ٹا ئونز مقررہ وقت میں فنڈز مکمل استعمال کرنے میں ناکام رہے۔ذرائع کے مطابق واسا حکام فنڈز کے کم استعمال کی وجہ ناقص منصوبہ بندی کو قرار دے رہے ہیں۔ کئی علاقوں میں ترقیاتی کام صرف فائلوں تک محدود رہے جبکہ عملی طور پر کوئی واضح پیش رفت نہ ہو سکی۔شالیمار ٹا ئون کے کئی علاقوں میں نکاسی آب کے منصوبے سست روی کا شکار ہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے واسا سے تینوں ٹا ئون کی کارکردگی کی رپورٹ طلب کر لی اور آئندہ مرحلے میں فنڈز کے اجرا کو کارکردگی سے مشروط کئے جانے پر غور کیا جا رہا ہے