پانی کی قلت والے علاقوں میں ٹینکرز تعینات کرنے کی ہدایت کر دی گئی
لاہور (سٹاف رپورٹر سے)واسا نے رمضان المبارک کے دوران پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور سیوریج کے موثر انتظامات کیلئے ایس او پیز جاری کر دئیے جن کے تحت تمام ٹاو?نز کے ڈائریکٹرز آپریشن اور ڈائریکٹرز مینٹی ننس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پانی کی بلاتعطل فراہمی، سیوریج سسٹم کی روانی اور نکاسی آب کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنائیں۔پانی کی قلت والے علاقوں میں سحری و افطاری کے اوقات میں پانی کے ٹینکرز تعینات کئے جائیں گے۔ رمضان بازاروں اور مساجد کے ملحقہ علاقوں کا مکمل سروے کیا جائے گا تاکہ کھلے یا ٹوٹے مین ہولز، پانی کے اوور فلو اور نکاسی آب کے مسائل کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔مساجد کے اطراف سیوریج اوور فلو کے خدشات والے علاقوں میں فوری ڈیسلٹنگ کر ائی جائے گی۔ ہر سب ڈویڑن میں سحری، افطاری اور تراویح کے اوقات میں سب انجینئرز کو تعینات رکھا جائے گا تاکہ عوامی شکایات کا بروقت حل یقینی بنایا جا سکے۔ ٹیوب ویلز کے اوقات کار میں واسا صارفین کو پانی کی بلا تعطل فراہمی کیلئیخصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ شہر بھر میں تمام فیلڈ دفاتر 24/7 فعال اور متحرک رہیں گے۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے ہدایت دی ہے کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔