سندھ میں 31 مارچ تک تعلیمی ادارے بند ‘ایک اضافی چھٹی دینے کافیصلہ

سرکاری افطار پارٹیوں پر پابندی عائد ‘ امتحانات وقت پر ہوں گے ‘ کالجوں اور یونیورسٹیوں میں آن لائن کلاسز ہوں گی:شرجیل میمن   
کراچی(آئی این پی ) سندھ حکومت نے صوبے میں  ہفتہ وار اضافی چھٹی دینے اور 31 مارچ تک اسکولز  بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، سرکاری افطار پارٹیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔  وزیر اعلی  سندھ مرادعلی شاہ کی زیر صدارت  سندھ کابینہ   اجلاس میں متعدد اہم فیصلوں کی منظوری   دی گئی ۔ کابینہ نے حسن سلیمان میموریل اسپتال کے لیے اضافی 7.6 ملین ڈالر یعنی تقریبا 2 ارب 14 کروڑ روپے کی منظوری دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ تعمیراتی لاگت میں 30 فیصد اضافے اور اراضی میں اضافے کے باعث مزید فنڈنگ درکار تھی۔۔کابینہ اجلاس میں کفایت شعاری اقدامات بھی منظور کیے گئے جن کے تحت سرکاری افطار پارٹیوں پر پابندی عائد کر دی گئی، سرکاری دفاتر ہفتے میں صرف چار دن کھلے رہیں گے اور ایک اضافی چھٹی دی جائے گی جبکہ سرکاری اداروں کے فیول اخراجات میں 50 فیصد کٹوتی کی منظوری دی گئی۔ مزید برآں وزیراعلی، صوبائی وزرا، مشیران اور خصوصی معاونین نے تین ماہ تک تنخواہیں نہ لینے کا فیصلہ کیا۔وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے 16 مارچ سے 31 مارچ تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم اسکولز بند ہونے کے باوجود امتحانات وقت پر ہوں گے جبکہ کالج اور یونیورسٹیوں میں آن لائن کلاسز ہونگی۔