ناکام سیاستدان نہروں کے معاملے کو سیاست چمکانے کے لیے ہوا دے رہے ہیں:احسن اقبال

 ناکام سیاستدان نہروں کے معاملے کو سیاست چمکانے کے لیے ہوا دے رہے ہیں:احسن اقبال

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے سندھ کے پانی کی کمی کے معاملے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ کچھ ناکام سیاست دان جو مین سٹریم سیاست سے باہر ہیں، اپنے سیاسی مفادات کے لیے اس معاملے کو ہوا دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں پانی کی کمی کا مسئلہ تمام صوبوں پر اثرانداز ہو رہا ہے، اور پیپلز پارٹی اس مسئلے کو بلاوجہ اٹھا رہی ہے کیونکہ اس کے صوبے میں یہ مسئلہ زیادہ محسوس ہو رہا ہے۔احسن اقبال نے وضاحت کی کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کو یقین دلایا ہے کہ سندھ کے مفادات کے خلاف کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے حوالے سے جو منفی رپورٹس آ رہی ہیں، ان کے پیچھے پی ٹی آئی کی ایک گہری اور منظم مہم ہے، اور دہشت گردی کی واپسی بھی پی ٹی آئی کا ہی تحفہ ہے، کیونکہ انہوں نے ٹی ٹی پی کو دوبارہ ملک میں لایا۔

دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم کے افطار ڈنر کے دوران دونوں رہنماؤں نے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ باقی مسائل کو باہمی مشاورت سے حل کیا جائے گا۔