میوہسپتال:انجکشن کا ری ایکشن ، دوسرا مریض بھی چل بسا

وینٹی لیٹر پر موجود 36سالہ دولت خان دم توڑ گیا ،دیگر متاثرہ مریضوں کی حالت خطرے سے باہر 
 انکوائری میں نرسوں کیخلاف کارروائی کی سفارش ،وزیراعلیٰ کا نوٹس ،ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کاحکم 
لاہور (کرائم رپورٹر)میوہسپتال میں انجکشن کے ری ایکشن سے دوسرا مریض بھی جاں بحق ہوگیا جبکہ وزیرصحت پنجاب سلمان رفیق نے انجکشن سے ہلاکت کو انسانی غلطی قراردیتے ہوئے کہاہے کہ انجکشن پائوڈر کی شکل میں تھا اس کو محلول بنانے میں غلطی ہوئی،انکوائر ی رپورٹ سامنے آنے کے بعد نرسز کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔تفصیلات کے مطابق میو ہسپتال لاہور کے چیسٹ وارڈ میں انجکشن کے مبینہ ری ایکشن سے جان کی بازی ہار جانے والے مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی۔ایک روز قبل 36 سالہ مریضہ نورین جاں بحق ہو گئی تھی اور 15مریض متاثر ہوئے تھے اورگزشتہ روز متاثرہ مریضوں میں سے36سالہ دولت خان دم توڑ گیا، جو وینٹی لیٹر پر تھا۔ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہیکہ دیگر متاثرہ مریضوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے جبکہ ہسپتال انتظامیہ نے ٹیکے کا استعمال روک دیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کیلئے پروفیسرڈاکٹراسرارالحق طور کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ وزیر صحت پنجاب سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ انجکشن سے ہلاکت انسانی غلطی کی وجہ سے ہوئی، انجکشن پائوڈر کی شکل میں تھا اس کو محلول بنانے میں غلطی ہوئی،انکوائر ی رپورٹ سامنے آنے کے بعد نرسز کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ مریضوں کو تیسری خوراک دی گئی تھی، پہلی دو خوراک لگانے سے کوئی ری ایکشن نہیں ہوا۔انہوں نے بتایاکہ 6 ہزار انجکشن کاسٹاک ہسپتال میں آیا تھا، مختلف ڈپارٹمنٹس میں یہ انجکشن مریضوں کو لگائے گئے لیکن انجکشن کا ردعمل صرف چیسٹ وارڈ میں ہوا، پائوڈر کی رپورٹ آج اور محلول کی رپورٹ کل تک آجائے گی۔وزیرصحت پنجاب کاکہنا تھاکہ یہ انجکشن لاہور کے مختلف ہسپتالوں کے علاوہ نارووال بھی گیا تھا، اینٹی بائیوٹک کو بنانے کی تربیت نرسز کو دی جاتی ہے، رپورٹ سامنے آنے کے بعد نرسز کے خلاف سخت کارروائی ہو گی، اس وارڈ میں دو نرسز ڈیوٹی پر موجود تھی، انہوں نے محلول بنانے میں غلطی کی۔ سلمان رفیق نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ میوہسپتال میں دوائوں کا سٹاک موجود تھا، ایم ایس کی نا اہلی تھی کہ دوائیں مریضوں تک نہیں پہنچ پا رہی تھی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے میو ہسپتال میں انجکشن کے مریضوں پر ری ایکشن کی خبر کانوٹس لے لیا اورمریضوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ،انہوں نے سیکرٹری سپیشلائزڈ اینڈ ہیلتھ کئیر سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مریضوں کے بہترین علاج کا حکم دیا اور کہا کہ انجکشن کی ری ایکشن کے واقعہ پر گہری تشویش ہے، غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔