بھارتی پنجابی فلم انڈسٹری کی اداکارہ ایشا رِکھی نے بالآخر ریپر اور گلوکار بادشاہ کے ساتھ اپنی شادی کی تصدیق کر دی ہے۔
دونوں کی شادی کی خبریں گزشتہ چند ماہ سے میڈیا اور مداحوں کے درمیان زیرِ بحث تھیں، تاہم اب ایشا رِکھی نے انسٹاگرام پر ایک رومانوی تصویر شیئر کرتے ہوئے تمام افواہوں کو ختم کر دیا ہے۔اداکارہ نے یہ انکشاف انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کیا۔انسٹاگرام کے ”آسک می اینی تھنگ“ سیشن کے دوران ایک مداح کے سوال پر کہ اگر وہ اور بادشاہ شادی شدہ ہیں تو پھر دونوں ایک دوسرے کو فالو کیوں نہیں کرتے، ایشا نے کہا، ”مجھے مسلسل یہی سوالات موصول ہو رہے ہیں کہ کیا میری شادی ہو چکی ہے؟ کیا میری شادی بادشاہ سے ہوئی ہے؟ ہم ایک دوسرے کو فالو کیوں نہیں کرتے اور ساتھ تصاویر کیوں پوسٹ نہیں کرتے؟“انہوں نے تمام افواہوں کو ختم کرتے ہوئے واضح الفاظ میں کہا، ”جی ہاں، میری شادی ہو چکی ہے۔“مزاحیہ انداز میں ایشا نے کہا، ”میرے خیال میں میرے شوہر کو اس سوال کا جواب دینا چاہیے۔ پتی دیو (بادشاہ)، عوام کے بہت سے سوالات ہیں، براہِ کرم جلد ان کا جواب دیں۔“
ایک اور مداح کے سوال کہ شادی کے باوجود انہوں نے بادشاہ کے ساتھ کوئی تصویر کیوں نہیں شیئر کی، کے جواب میں ایشا نے ایک رومانوی تصویر پوسٹ کی، جس میں دونوں خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہے تھے، اور مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔یاد رہے کہ دونوں کی شادی کی خبریں رواں سال 24 مارچ کو سامنے آئیں تھیں، جب ایشا رِکھی کی والدہ پونم رِکھی نے سوشل میڈیا پر نجی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھیں، جن میں بادشاہ اور ایشا روایتی عروسی لباس میں ملبوس تھے اور شادی کی رسومات ادا کر رہے تھے۔