ممبئی: بھارتی اداکارہ و ماڈل ایشا رکھی نے معروف ریپر بادشاہ سے علیحدگی کے بعد پہلی مرتبہ اپنے تعلق کے بارے میں کھل کر گفتگو کرتے ہوئے اس دور کو اپنی زندگی کا ’بدترین وقت‘ قرار دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں، جو بگ باس 20 میں شرکت سے قبل دیا گیا، ایشا رکھی نے بتایا کہ وہ طویل عرصے تک اپنی نجی زندگی اور بادشاہ کے ساتھ تعلق کے حوالے سے عوامی سطح پر بات کرنے سے گریز کرتی رہیں۔اداکارہ کے مطابق وہ اس شخص اور رشتے کو تحفظ دینا چاہتی تھیں جس سے وہ محبت کرتی تھیں، اسی وجہ سے انہوں نے دونوں کے درمیان پیش آنے والے معاملات میڈیا کے سامنے بیان نہیں کیے۔ایشا رکھی نے دعویٰ کیا کہ بادشاہ انہیں صورتحال کی ایک مختلف تصویر پیش کر رہے تھے جو حقیقت پر مبنی نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مشکل دور میں وہ خود سے سوال کرتی تھیں کہ ’میں اتنی بے وقوف کیسے ہو سکتی ہوں؟‘اداکارہ نے اس عرصے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے یہ زندگی کا بدترین وقت تھا۔جب ایشا رکھی سے براہِ راست پوچھا گیا کہ کیا انہیں اپنے تعلق میں دھوکا محسوس ہوا تو انہوں نے جواب دیا، ’محسوس ہوا؟ میں کہوں گی کہ میرے ساتھ دھوکا ہوا، ہاں۔‘ایشا رکھی کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب چند روز قبل ہی ان کے اور بادشاہ کے درمیان علیحدگی کی اطلاعات کی تصدیق سامنے آئی تھی۔دوسری جانب بادشاہ نے ایشا رکھی کی جانب سے عائد کیے گئے حالیہ الزامات پر تاحال عوامی طور پر کوئی ردِعمل ظاہر نہیں کیا۔