لاہور: خراب واٹر ڈسپنسر تبدیل نہ کرنے پر دکاندار کے خلاف 5 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر

لاہور: خراب واٹر ڈسپنسر تبدیل نہ کرنے پر دکاندار کے خلاف 5 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر

لاہور کی عابد مارکیٹ میں خراب واٹر ڈسپنسر فروخت کرنے اور وارنٹی کے باوجود تبدیل نہ کرنے پر شہری نے الیکٹرک شاپ کے دکاندار کے خلاف صارف عدالت سے رجوع کرلیا۔

 شہری پرویز احمد نے دکاندار سے 5 لاکھ روپے ہرجانے کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے دعویٰ دائر کردیا۔درخواست گزار پرویز احمد نے صارف عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے عابد مارکیٹ میں واقع ایک الیکٹرک شاپ سے واٹر ڈسپنسر خریدا تھا، تاہم خریداری کے بعد ڈسپنسر خراب نکلا۔ دکاندار کی جانب سے خریدے گئے ڈسپنسر کی وارنٹی بھی فراہم کی گئی تھی، جس کے تحت خراب ہونے کی صورت میں اسے تبدیل یا درست کیا جانا تھا۔شہری کے مطابق ڈسپنسر خراب ہونے پر وہ متعدد مرتبہ دکان کے چکر لگاتے رہے اور دکاندار سے وارنٹی کے تحت ڈسپنسر تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا، لیکن بار بار رابطہ کرنے کے باوجود ان کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا اور نہ ہی خراب ڈسپنسر تبدیل کرکے دیا گیا۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ دکاندار کی جانب سے وارنٹی کے باوجود ڈسپنسر تبدیل نہ کرنے اور انہیں ہونے والی پریشانی کے ازالے کے لیے 5 لاکھ روپے ہرجانہ دلوایا جائے۔درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے صارف عدالت کے جج نے متعلقہ دکاندار کو 18 نومبر کو جواب جمع کرانے کے لیے طلب کرلیا ہے۔ عدالت نے اس موقع پر دونوں فریقین کو بھی پیش ہونے کی ہدایت جاری کردی ہے۔