جوڑ میلہ : 600سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے

  یاتریوں کا پر تپاک استقبال ،سخت سکیورٹی میں گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب روانہ کیا گیا
 سب کو ویزا جاری کیا پاکستان کی دھرتی پیار محبت اور امن کا پیغام دیتی ہے: سردار رمیش سنگھ اروڑہ 
 لاہور(سپیشل رپورٹر)متروکہ وقف املاک بورڈ وزارت مذہبی امور کے زیر انتظام سکھ مذہب کے پانچویں گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن(جوڑ میلہ)کی تقریبات میں شرکت کے لئے بھارت سے 600سکھ یاتریواہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے ۔واہگہ چیک پوسٹ پر صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ ،ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق سمیت دیگر نے سکھ یاتریوں کا استقبال کیا۔ پاکستان سکھ گورودوارہ پر بندھک کمیٹی کے ممبران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دہلی گورو دوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے جتھہ لیڈر سردار پرمجیت سنگھ چنڈوک اورشرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار پرمجیت سنگھ بھی جتھے کے ہمراہ پاکستان پہنچے ۔واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کے امیگریشن اور کلیئرنس کے عمل کو انتہائی تیز ی کے ساتھ مکمل کیا گیا ۔واہگہ بارڈر آ مد کے بعد سکھ یاتریوںکو سخت سکیورٹی میں گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب روانہ کیا گیا ۔جوڑ میلہ کی مرکزی تقریب 16جون کو گورو دوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں ہو گی ۔بھارتی سکھ 10 روزہ دورہ کے دوران گردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب ، گردوارہ پنجہ صاحب ، گورودواررہ دربار صاحب کرتار پور کی یاترا کریں گے۔صوبا ئی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دھرتی پیار محبت اور امن کا پیغام دیتی ہے۔جتنے یاتری نے ویزا اپلائی کیا حکومت پاکستان نے سب کو ویزا جاری کیا۔ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق نے واہگہ بارڈر پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرو ارجن دیو جی کے شہیدی دن کے موقع پر اتنی تعداد میں 14سال بعد سکھ یا تری پاکستان ائے ہیں اور یہ دن متفقہ طور پر منایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یاتریوں کی سہولیات کے لیے چیئرمین بورڈ قمر الزمان کی ہدایات کے مطابق تمام تر انتظامات کیے گئے ہیں ،میڈیکل سکیورٹی بہترین ٹرانسپورٹ کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے گرمی سے بچائو کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ،یاتریوں کو ٹھنڈے منرل واٹر کی بوتلیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ فول پروف سیکورٹی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدت میں ہم گھبرائیے نہیں ہیں بلکہ تمام صوبائی حکومتوں کے نمائندگان کے ہمراہ یاتریوں کی خدمت کے لیے مصروف عمل ہے۔بھارت سے آئے سکھ یاتری سردار پرمجیت سنگھ نے کہا کہ ہم پاکستا ن کو اپنا گھر سمجھتے ہیں اور یہ دھر تی مذ ہبی لحاظ سے بھی ہما رے لیے بہت مقدس ہے، انہیں پاکستان آ کر جو دلی سکون ملا ہے وہ لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا، ہماری دعا ہے کہ محبت اور خلوص کا یہ سلسلہ مزید آگے بڑ ھے اور نفرتوں کی جگہ امن کو فروغ ملے۔ بھارتی جتھہ لیڈر سردار گرمیت سنگھ بوہ نے واگا بارڈر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ دونوں ملکوں کے عوام کے دلوں میں کو ئی دوری نہیں ہے بلکہ دونوں اطراف کے لوگ آپس میں ملنا چاہتے ہیں اور ہمیں اس راستے میں حائل رکاوٹ کو دور کرنا چاہیے ،پاکستان کی جانب سے ہمیں جو محبت اور پیار ملتا  ہے وہ قابل تحسین ہے ۔سکھ یاتریوں کو جدید ایئر کنڈیشن بسوں میں ننکانہ صاحب روانہ کیا گیا ۔ جہا ں وہ ایک روز قیام کریں گے ۔