ویزا منسوخی سے سنگین انسانی مسائل جنم لے رہے ہیں‘مستقبل میں بھی پاکستانی شہریوں کے لئے واہگہ بارڈر کھلا رہے گا:دفترخارجہ
لاہور(آئی این پی )پاکستان بھارت کشیدگی کے باوجود دونوں ممالک نے ایک دوسرے ملک کے شہریوں کی واپسی کے لیے واہگہ بارڈر پر نرمی کر دی۔ذرائع کے مطابق بھارت سے 20 پاکستانی واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے دونوں ملکوں کے مابین چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس بھی پیر کے روز مسافروں کولے کربھارت جائے گی ‘دریں اثناء ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے بھارت کی جانب سے ویزہ منسوخی سے سنگین انسانی مسائل جنم لے رہے ہیں،پاکستان اپنے شہریوں کو واہگہ بارڈر کے راستے واپس لینے کے لیے تیار ہے ا گر بھارت کی جانب سے ان کو سرحد پار کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔ بھارت سے پاکستانی شہریوں کی واہگہ بارڈر کے ذریعے واپسی پر دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مستقبل میں بھی پاکستانی شہریوں کے لیے واہگہ بارڈر کھلا رہے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ انڈیا کی جانب سے پاکستانی شہریوں کے ویزے ختم کرنے کے فیصلے نے سنگین انسانی چیلنجز پیدا کیے۔ متعدد مریض جن کی صحت اچھی نہیں تھی ان کو اپنا علاج مکمل کیے بغیر پاکستان واپس آنا پڑا۔ مزید برآں خاندانوں کے منقسم ہونے اور بچوں کے اپنے والدین میں سے کسی ایک سے جدا ہونے کی اطلاعات ہیں۔