پنجاب کے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ، محکمہ جنگلات کی بروقت کارروائی

پنجاب کے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ، محکمہ جنگلات کی بروقت کارروائی

لاہور:پنجاب بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے، تاہم محکمہ جنگلات پنجاب کی مؤثر حکمت عملی اور فوری رسپانس کے باعث قیمتی جنگلات اور قدرتی وسائل بڑے نقصان سے بچ گئے۔

مری اور اٹک میں آگ لگنے کے تین واقعات
محکمہ جنگلات پنجاب کے ترجمان کے مطابق، 10 جون کو مری اور اٹک کے جنگلات میں آگ لگنے کے تین واقعات رپورٹ ہوئے:

سمبلی جنگل (ضلع مری)، کمپارٹمنٹ نمبر 85 – شام 7 بجے
کوٹلی جنگل (ضلع مری)، کمپارٹمنٹ نمبر 20 – رات 9 بجے
اٹک خرد جنگل، کمپارٹمنٹ نمبر 15 – رات 2 بجے
محکمے کے تربیت یافتہ فیلڈ اسٹاف نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام مقامات پر لگی آگ پر قابو پا لیا۔ ان واقعات میں مجموعی طور پر 3.5 ایکڑ رقبے پر جھاڑیاں اور گھاس متاثر ہوئیں، تاہم کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

کوٹلی ستیاں اور لہترار کے علاقوں میں بھی واقعات
ترجمان نے مزید بتایا کہ اس سے دو روز قبل کوٹلی ستیاں کے کڑور جنگل اور لہترار کے گزارہ علاقے میں بھی آگ لگنے کے واقعات پیش آئے۔ ان واقعات میں بھی محکمہ جنگلات کے فائر فائٹرز نے چند گھنٹوں میں آگ پر قابو پا لیا۔

محکمہ جنگلات کی تیاریاں اور عوام سے اپیل
محکمہ جنگلات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں آگ لگنے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں، اس لیے عوام سے اپیل ہے کہ:

جنگلات کے قریب آگ نہ جلائیں
سگریٹ نوشی سے اجتناب کریں
ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر محکمہ جنگلات فارسٹ فائرز میں کمی کے لیے جامع اقدامات کر رہا ہے۔ محکمہ جنگلات کا عملہ ہر وقت الرٹ ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔