30جون سے پہلے ٹولنٹن مارکیٹ کی اپ گریڈ یشن

منصوبے کیلئے 18 کروڑ 73 لاکھ 76 ہزار 561 روپے کی لاگت کا تخمینہ 
 مریم اورنگزیب کی ہدایت پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ٹاسک مل گیا
لاہور (خصوصی رپورٹ) لاہور کی تاریخی ٹولنٹن مارکیٹ کو اپ گریڈ کرنے اور ری ماڈلنگ کا منصوبہ حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا ۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ٹاسک دے دیا گیا ہے کہ منصوبہ ہر صورت 30 جون تک مکمل کیا جائے۔پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد منصوبے کے لئے 18 کروڑ 73 لاکھ 76 ہزار 561 روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ۔ مارکیٹ کی دکانوں کو خوبصورت بنانے کیلئے ان کی اپ لفٹنگ کی جا رہی ہے جبکہ تمام دکانوں پر یکساں سائن بورڈز نصب کئیجا رہے ہیں۔مارکیٹ میں صفائی کے جدید انتظامات کیلئے جدید ویسٹ ڈسپوزل سسٹم تعمیر کیا جا رہا ہے، تاکہ صفائی ستھرائی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے اپ گریڈیشن مکمل ہونے کے بعد مارکیٹ کی مستقل بہتری کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا جس میں ایل ڈی اے، واسا، ٹیپا، پی ایچ اے، محکمہ فوڈ، فوڈ اتھارٹی، ایل ڈبلیو ایم سی اور مارکیٹ یونین کے نمائندے شامل ہوں گے۔کمیٹی مارکیٹ کی بہتری کیلئے تجاویز دے گی اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ مارکیٹ کو چلانے کیلئے نئی پالیسی بھی مرتب کی جائے گی، جس پر تمام متعلقہ ادارے مل کر عملدرآمد کریں گے۔ٹولنٹن مارکیٹ کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ شہر کی تاریخی جگہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوشش ہے، جس سے شہریوں اور تاجروں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔