ٹولنٹن مارکیٹ اپ گریڈیشن آغاز سے پہلے ہی تعطل کا شکار

فیز ٹو کیلئے وزیراعلیٰ صوابدیدی فنڈ سے 70 کروڑ اجرا کی سمری منظوری نہ ہوسکی
 بیک سائیڈ ایریا کی ڈویلپمنٹ،ڈرین کور نہ ہونے پرنکاسی آب کے مسائل برقرار 
لاہور (خصوصی رپورٹ)تاریخی ٹولنٹن مارکیٹ کی اپ گریڈیشن کا فیز ٹو منصوبہ عملی آغاز سے پہلے ہی تعطل کا شکار ہو گیا۔پہلا مرحلہ مکمل ہونے پر ایل ڈی اے نے فیز ٹو کی تیاری کی تاہم مالی وسائل نہ ہونے پر منصوبہ آگے نہ بڑھ سکا۔مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں فیز ٹو کیلئے کوئی فنڈز مختص نہ کیے گئے جس پر ایل ڈی اے نے وزیراعلیٰ کے صوابدیدی فنڈ سے رقم لینے کا منصوبہ بنایا۔ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے نے وزیراعلیٰ کو 70 کروڑ سے زائد اجرا کیلئے سمری ارسال کی مگر منظوری نہ مل سکی، فنڈ جاری نہ ہو نے پر منصوبہ کاغذوں تک محدود رہ گیا۔حکام کے مطابق فیز ٹو پر عملی کام ایک انچ بھی آگے نہ بڑھ سکا۔منصوبے کے تحت سلاٹر ہا ئوس کی تعمیر، واسا کی موجودہ ڈرین کو کور کرنے اور بیک سائیڈ ایریا کی مکمل ڈویلپمنٹ شامل تھی۔ ذرائع کے مطابق ڈریجنگ اور نکاسی آب کے مسائل اب بھی برقرار ہیں کیونکہ ڈرین کور کرنے کا کام شروع ہی نہیں ہو سکا۔ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب بھی فیز ٹو کے بجٹ سے منسلک تھی جو اب غیر یقینی کا شکار ہے۔منصوبہ مکمل نہ ہونے سے ٹولنٹن مارکیٹ کی اپ گریڈیشن کا خواب ادھورا رہ گیا۔ایل ڈی اے کی جانب سے فیز ٹو کی سمری وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں زیرِ التوا ہے جبکہ کسی نئی ٹائم لائن یا فنڈریلیز کا فیصلہ تاحال سامنے نہیں آ سکا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر فنڈکا اجرا جلد نہ ہوا تو منصوبہ م ئوخر رہے گا، ٹولنٹن مارکیٹ کی اپ گریڈیشن ایک بار پھر کاغذی اعلان بن کر رہ جائیگی۔