مردانہ برتری کی سوچ سے جنم لینے والا تشدد نیا مسئلہ نہیں:آصفہ بھٹو

تشدد کو ثقافت یا روایت کے نام پر مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا، ثناء یوسف کے قتل کی شدید مذمت 
 کراچی (آن لائن) خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری کی ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مردانہ برتری کی سوچ سے جنم لینے والا تشدد کوئی نیا یا غیر معمولی مسئلہ نہیں، اس تشدد کو ثقافت یا روایت کے نام پر مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ایک بیان میں رکن قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے خواتین کے خلاف تشدد پر مبنی بڑھتے رویوں پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے ثناء یوسف کے ورثاء، برادری اور اس الم ناک سانحے پر غمزدہ تمام افراد سے دلی تعزیت کا اظہارکیا۔ثناء یوسف کے جاں بحق ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر مقتولہ کے خلاف کی جانے والی کردار کشی پر بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے اظہار افسوس کیا اور کہا کہ ثناء یوسف کا قتل صرف اپنے حقوق کا اظہار کرنے پر ہونے والے تشدد کی ایک دردناک مثال ہے، ثناء یوسف کو خواب دیکھنے، ترقی کرنے اور ایک روشن مستقبل کا حق حاصل تھا، ثنا ء یوسف کو ایک آزاد اور محفوظ زندگی جینے کا پورا حق تھا۔ آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ ثناء یوسف کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہ محض ایک پرتشدد واقعہ نہیں بلکہ ناں کہنے کی سزا تھی، ثنا ء یوسف کے ساتھ ہونے والا بہیمانہ سلوک ہم سب کے لیے باعثِ شرم ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ  کسی بھی لڑکی کی سوشل میڈیا موجودگی کو اس کے قتل کا جواز نہیں بنایا جاسکتا، کوئی موبائل ایپلی کیشن، کوئی تصویر اور کوئی ویڈیو کبھی بھی کسی قتل کا جواز نہیں بن سکتی۔