سنجے نے بیوی کو قتل کیا اورپھر خودکشی کرلی ،دونوں بچے سکول تھے،جوڑا گذشتہ سال بھارت منتقل ہواتھا
مالی مشکلات کے باعث اکثرجھگڑا رہتا تھا،متوفیہ کی بہن کی درخواست پر مرنیوالے سنجے کیخلاف قتل کامقدمہ درج
ممبئی /کراچی(آئی این پی) سکھر سندھ سے مستقل بھارت ہجرت کرنے والے ہندو جوڑے نوتن داس سنجے اور سپنا داس کو نیو ممبئی میں مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی مہاجر نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو قتل کیا، اور پھر خودکشی کرلی، پولیس نے مرنے والے سنجے کمار کیخلاف ہی قتل کا مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔پولیس افسر دیپک سروے کے مطابق یہ واقعہ گذشتہ روز کھار گھر میں واقع رہائش گاہ پر پیش آیا، شوہر نے مبینہ طور پر چاقو سے بیوی کی گردن، کمر اور کندھے پر وار کر کے اسے ہلاک کر دیا، بعد میں شوہر نے اسی چاقو سے اپنی گردن پر شدید زخم لگائے، جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ جوڑا نومبر 2024میں اپنے 2بیٹوں جن کی عمریں 10اور 6سال ہیں کے ساتھ بھارت منتقل ہوا تھا، وہ کھار گھر میں کرائے کے ایک فلیٹ میں رہائش پذیر تھے اور ملازمت کی تلاش میں تھے۔تفتیشی افسر کے مطابق ان کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے اور وہ مالی مشکلات کے باعث پاکستان واپس جانے پر غور کر رہے تھے۔یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا، جب جوڑے کا چھوٹا بیٹا سکول سے واپس آیا مگر کسی نے دروازہ نہیں کھولا، اس پر بچے نے ہمسایوں سے رابطہ کیا، جنہوں نے متوفیہ خاتون کی بہن کو اطلاع دی، بہن نے پولیس کو مطلع کیا، جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں میاں بیوی کو مردہ پایا۔پولیس افسر کے مطابق، واقعے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم، مقتولہ کی بہن نے دعویٰ کیا کہ یہ واقعہ ایک جھگڑے کے نتیجے میں پیش آیا، ان کی شکایت پر مقتول شوہر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق سپنا کی بہن سنگیتا جو بھارتی شہری ہیں وہی اس جوڑے کے مالی اخراجات اٹھا رہی تھیں۔ سنگیتا نے ہی ڈولفن پرائیڈ سوسائٹی سیکٹر 34کھار گھر میں ایک فلیٹ کرائے پر لے کر دیا تھا۔دونوں میاں بیوی کے درمیان گذشتہ ماہ بھی مالی تنگی اور گھریلو تنازع ہوا تھا، تاہم سپنا نے بہن کے اصرار کے باوجود پولیس کو شکایت درج کرانے سے گریز کیا تھا، یہ جوڑا پاکستان واپس جانے کے لیے ضروری قانونی کارروائی کی تکمیل میں مصروف تھا۔مسلم لیگ( ن )سے تعلق رکھنے والے وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی کے مطابق جوڑے کا تعلق سکھر سندھ سے تھا،واقعے پر سنجے اور سپنا کا خاندان گہرے صدمے میں ہے۔