حسن سلیم اور عائشہ رزاق کی لاشیں نواحی گائوں کنارہ کے قریب کھیتوں سے برآمد
رائیونڈ میں باپ نے پسند کی شادی کی خواہش پر16 سالہ بیٹی مارڈالی ، ملزم گرفتار
جہلم،لاہور (آئی این پی )جہلم میں پسند کی شادی کرنیوالے جوڑے کو سر میں گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔ نواحی گائوں کنارہ کے قریب کھیتوں سے دونوں کی لاشیں برآمد کرلی گئیں۔پولیس کے مطابق مقتولین ڈومیلی کے رہائشی تھے جنہوں نے لاہور کی عدالت میں پسند کی شادی کی تھی۔نامعلوم افراد نے 22 سالہ حسن سلیم اور 19 سالہ عائشہ رزاق کو سر میں گولیاں مار کر قتل کیا۔لڑکی کے والد نے 20 مئی کو بیٹی کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرایا تھا، دونوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کردی گئیں، پولیس کاکہناہے کہ واقعہ کی تفتیش جاری ہے، ملزموں کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ دریں اثنارائیونڈ میں باپ نے پسند کی شادی کی خواہش پر 16 سالہ بیٹی کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ملزم عمر نے ایمان فاطمہ کو تیز دھارآلے سے قتل کیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتولہ پسند کی شادی کرنا چاہتی تھی۔ پولیس نے لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔بعد ازاں رائیونڈ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ملزم عمر کو گرفتار کرلیا۔ ایس پی صدر کا کہنا ہے کہ ملزم کیخلاف مضبوط چالان مرتب کرکے قرارواقعی سزا دلوائی جائیگی۔