پنڈی بھٹیاں: بس کی چھت پر سوار افراد درخت سے ٹکرا گئے، 3جاں بحق، 18زخمی

بس مظفرگڑھ سے گجرات جارہی تھی ،لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیاگیا، ہسپتال میں طبی سہولیات اور عملہ موجود نہیں تھا، ریسکیو ذرائع
پنڈی بھٹیاں (آئی این پی) پنڈی بھٹیاں کے قریب بس کی چھت پر سوار افراد درخت سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں 3جاں بحق اور 18زخمی ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق پنجاب کے علاقے پنڈی بھٹیاں کے قریب مظفرگڑھ سے گجرات جانے والی مسافر بس کو افسوس ناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق اور 18زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بس کی چھت پر سوار مسافر ایک درخت سے ٹکرا کر نیچے جا گرے۔ریسکیو ٹیموں نے اطلاع ملتے ہی فوری طور پر موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو مقامی ہسپتال جلال پور بھٹیاں منتقل کیا، جہاں طبی سہولیات کی شدید کمی دیکھنے میں آئی۔ ہسپتال میں نہ تو ادویات دستیاب تھیں اور نہ ہی مناسب طبی عملہ موجود تھا، جس کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینا پڑی۔جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق سندھ سے ہے۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر مقامی افراد بھی امدادی کارروائیوں میں شریک ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ مسافروں کا بس کی چھت پر سفر کرنا اور درخت سے ٹکرانا بنی۔