عمران خان تعاون نہیں کررہے: تفتیشی افسر‘ کوئی عام ملزم ہوتا تو اب تک ٹیسٹ ہوچکے ہوتے:عدالت
لاہور(آئی این پی )انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے بانی پی ٹی آئی کے پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ سے متعلق پراسیکیوشن کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔پولیس نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے ایک بار پھر پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانے سے انکار کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں عدالت میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے پولیس نے استدعا کی کہ عدالت اس معاملے پر مناسب حکم جاری کرے۔عدالت نے پراسیکیوشن کی درخواست پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل رانا مدثر نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ پراسیکیوشن کو یہ ٹیسٹ دو سال بعد یاد آیا ہے، اس درخواست کا مقصد لاہور ہائیکورٹ میں زیر التوا ضمانتوں میں تاخیر پیدا کرنا ہے۔تفتیشی افسر نے انسداد دہشتگردی کی عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی تعاون نہیں کررہے جس کے باعث نہ پولی گراف اورنہ فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ ہوسکا، دونوں ٹیسٹ ضروری ہیں جس کیلئے مزید مہلت دی جائے۔اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ پولیس ٹیسٹ نہیں کرسکتی لہذا مزید مہلت نہ دی جائے۔عدالت نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ کوئی عام ملزم ہوتا تو اب تک ٹیسٹ ہوچکا ہوتا۔