پورا بجٹ آئی ایم ایف نے دیا، اکنامک سروے فارم 47 والا ہے وقاص اکرم،عمرایوب

پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے بجٹ کو مسترد کردیا ‘ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں  احتجاج کیا جائے گا:اجلاس میں فیصلہ

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے اقتصادی اشاریوں سے متعلق حکومت کے اکنامک سروے پر تنقید کی ہے۔اپوزیشن لیڈر عمر ایوب،مرکزی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم اور رکن اسمبلی مبین عارف جٹ نے خیبر پختونخواہ ہاؤس میں مشترکہ پریس کانفرنس میں خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا خط غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی گزارنے والے افراد 45 فیصد ہو چکے،پورا بجٹ آئی ایم ایف نے دیا، یہ اکنامک سروے فارم 47 والا ہے۔مرکزی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا اکنامک سروے کی پریس کانفرنس ایسی تھی جیسے کھسیانی بلی کھمبا نوچے، غریبوں کی چولیں ہلا کر رکھ دی ہیں، اخباری رپورٹس کے مطابق 35 فیصد افراد جو خط غربت کی لکیر سے نیچے والی زندگی گزار رہے تھے انکی تعداد 45 فیصد ہو چکی۔تین کروڑ لوگ خط غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، تین سالوں میں کوئی زلزلہ یا قدرتی آفت نہیں آئی جس سے زراعت گراوٹ کا شکار ہو۔ اکنامک سروے پریس کانفرنس میں کہا گیا 37 فیصد آبادی زراعت کے شعبے سے وابستہ ہیں،37 فیصد آبادی کی کمر توڑ دی گئی ہے‘دریں اثناء  پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے بجٹ 2025/26 کو مسترد کردیا اور قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پی ٹی آئی کا احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا  ۔منگل کو پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس  منعقد ہوا ۔اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کردیا گیا۔اعلامیہ کے مطابق پارلیمانی کمیٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت جعلی ہے بجٹ پیش کرنے کا اختیار نہیں، انہوں نے بجٹ کو آئی ایم ایف کا بجٹ قرار دیتے ہوئے تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی کیاعلامیہ میں بتایا گیا کہ کمیٹی نے اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی کے رویے کی مذمت کی، سپیکر قومی اسمبلی جانبدار بن چکے ہیں،سردار ایاز صادق پارٹی کے نمائندے نہ بنیں سپیکر بنیں۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی کا کہنا تھا کہ غریب غربت کی چکی میں پس رہے ہیں حکمرانوں کی عیاشیاں ختم نہیں ہورہیں، بجٹ سیشن میں ہر موقع پر بھرپور احتجاج کیا جائے گا جبکہ اجلاس میں عمران خان پر جعلی مقدمات اور سیاسی انتقام کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی