پشاور(آئی این پی )خیبرپختونخواکے آئندہ مالی سال2025-26کا بجٹ 13جون کو صوبائی اسمبلی میں پیش ہوگا ۔ 200 ارب روپے کے سرپلس بجٹ کا کل حجم 2 ہزار ارب روپے ہو گا، ترقیاتی منصوبوں کے لیے 433 ارب روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ محکمہ خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخواکے آئندہ بجٹ کا کل حجم 2000 ارب رو پے ہو گا صوبے کے ترقیاتی بجٹ میں 40فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ 500 تک نئی اسکیمیں شامل کی گئی ہیں۔ذرائع محکمہ خزانہ کے مطابق آئندہ مالی سال میں اخراجات کا تخمینہ 1800 ارب لگایا گیا ہے جبکہ بجٹ میں تعلیم اور صحت کارڈ کے لیے زیادہ سے زیادہ رقم مختص کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے 200 ارب روپے کے سرپلس بجٹ میں تنخواہوں میں اضافے کی تجویز شامل نہیں تاہم تنخواہوں پر ٹیکسز میں کمی کی تجویز زیر غور ہے۔۔دریں اثنا وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ٹیکس فری بجٹ دیں گے۔اپنے بیان میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بجٹ کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کی ہے، خیبرپختونخوا میں ٹیکس فری بجٹ دیں گے، عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا، خیبرپختونخوا نے اب تک کوئی نیا قرضہ نہیں لیا، قرض ادائیگی کیلئے ڈیڑھ سو ارب مختص کر رکھے ہیں۔