پنجاب کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کا اعلان

بجٹ عوام دوست ،وزیراعلیٰ مریم نواز کے ترقیاتی ویژن کا آئینہ دارہو گا،  تعلیم، صحت اور سماجی تحفظ کے کامیاب منصوبے جاری رکھے جائیں گے
 کسان کارڈ کو مزید موثر بنایا جائیگا، بجٹ معاشی ترقی، شفافیت اور سماجی تحفظ کے اصولوں پر مبنی ہو گا، ترقیاتی کاموں کو ترجیح دی جائیگی،مجتبیٰ شجاع الرحمان
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان آج سوموارکی سہ پہر مالی سال26-2025 کا تخمینہ شدہ بجٹ پنجاب اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کریں گے۔اس سے قبل پنجاب کابینہ سے خصوصی اجلاس میں بجٹ کی منظوری لی جائے گی۔وزیر خزانہ پنجاب مجبتیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ترقیاتی ویژن کا آ ئینہ دار ہو گا، پنجاب کے بجٹ میں کو ئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جا ئے گا، پہلے سے لاگو ٹیکسز کی وصولیوں کو یقینی بنایا جائے گا۔مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ پنجاب وسائل میں اضافے کے لیے صوبائی اثاثوں کا موثر استعمال پنجاب حکومت کی ترجیحی پالیسی ہو گا، وزیر اعلیٰ پنجاب کے تعلیم، صحت اور سماجی تحفظ کے کامیاب منصوبے جاری رکھے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بجٹ میں خواتین ،بچوں معذور افراد، محنت کشوں سمیت تمام طبقات کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے تکنیکی و مالی معاونت مہیا کی جائے گی۔وزیر خزانہ پنجاب نے کہا کہ کسان کارڈ کو مزید موثر بنایا جائے گا، آئند ہ مالی سال کا بجٹ معاشی ترقی، شفافیت اور سماجی تحفظ کے اصولوں پر مبنی ہو گا، بجٹ میں ترقیاتی کاموں کو ترجیح دی جائے گی۔مجتبیٰ شجاع الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کے پسماندہ اضلاع خصوصاََ جنوبی پنجاب پر خصوصی توجہ دی جائے گی، پنجاب کا آئندہ بجٹ بھی عوام دوست بجٹ ہو گا۔