بالی ووڈ کی مشہور کامیڈین اداکارہ ارچنا پورن سنگھ نے اپنے شوہر پرمیت سیٹھی کے ساتھ اپنے تعلقات اور جائیداد خریدنے کے فیصلے پر ایک دلچسپ انکشاف کیا ہے۔
ارچنا نے بتایا کہ جب انہوں نے مدھ آئی لینڈ میں دو جائیدادیں خریدنے کا فیصلہ کیا تو ان کے شوہر پرمیت اس فیصلے کے مخالف تھے اور یہاں تک کہ انہیں طلاق دینے کی دھمکی بھی دی تھی۔ارچنا نے کہا کہ یہ فیصلہ اس وقت لیا گیا جب مدھ آئی لینڈ میں جائیداد کی قیمتیں بہت کم تھیں اور انہیں یہاں ایک بڑا باغ اور کئی کمروں والا گھر خریدنے کا خواب تھا جو بمبئی کے فلیٹ کلچر سے مختلف تھا۔ ارچنا کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر پرمیت نے ایک جائیداد خریدنے کی اجازت دی تھی، مگر دوسری جائیداد خریدنے پر وہ طلاق دینے کی دھمکی دے رہے تھے۔
پرمیت سیٹھی نے بعد میں اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ ابتدا میں اس فیصلے کے مخالف تھے، مگر مدھ آئی لینڈ کے سکون اور سفر کی راحت نے ان کی رائے بدل دی۔ ارچنا نے یہ بھی بتایا کہ حالیہ دنوں میں تیسری جائیداد خریدی گئی، جو پہلی دونوں جائیدادوں کے مقابلے میں آٹھ گنا مہنگی تھی۔یہ انکشاف بھارتی کامیڈی شو "کپل شرما شو" میں ایک خصوصی مہمان کے طور پر ارچنا کی شرکت کے دوران کیا گیا تھا۔