بالی ووڈ اداکارہ گوہر خان نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں مصر کے خلاف ارجنٹینا کی سنسنی خیز فتح کے بعد لیونل میسی سے متعلق ایک طنزیہ تبصرہ کیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔
ارجنٹینا نے راؤنڈ آف 16 کے دلچسپ مقابلے میں دو گول کے خسارے سے شاندار واپسی کرتے ہوئے مصر کو 3-2 سے شکست دی اور کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ میچ کے آخری لمحات میں ارجنٹائنی ٹیم کی واپسی کو ٹورنامنٹ کے یادگار مقابلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔میچ کے بعد گوہر خان نے انسٹاگرام پر ایک کانٹینٹ کری ایٹر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لیونل میسی کے حوالے سے طنزیہ کیپشن لکھا۔ انہوں نے تحریر کیا: "کتنا لوزر ہے، میسی نہیں بلکہ 'Messy'"، جہاں انہوں نے انگریزی لفظ Messy (بے ترتیبی یا افراتفری) اور Messi (لیونل میسی) کے ملتے جلتے تلفظ کو استعمال کرتے ہوئے لفظی طنز کیا۔
اداکارہ کی اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ بعض صارفین نے اسے محض لفظوں کا کھیل قرار دیا، جبکہ کئی فٹبال شائقین نے اسے ارجنٹائنی کپتان کے لیے غیر ضروری اور نامناسب تبصرہ قرار دیتے ہوئے تنقید کی۔گوہر خان کی پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر لیونل میسی کے حامی اور ناقدین ایک بار پھر آمنے سامنے آ گئے ہیں، جبکہ اس تبصرے پر بحث کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔