چیک باؤنس مقدمات: راج پال یادیو کو تین ماہ قید اور جرمانے کی سزا

چیک باؤنس مقدمات: راج پال یادیو کو تین ماہ قید اور جرمانے کی سزا

بالی ووڈ کے معروف اداکار اور کامیڈین راج پال یادیو کو دہلی ہائی کورٹ نے متعدد چیک باؤنس مقدمات میں تین ماہ قید کی سزا سنا دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹس سورنا کانتا شرما نے ایم/ایس مرلی پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے دائر سات مختلف مقدمات کا فیصلہ سنایا۔عدالت نے راج پال یادیو کی سزا کے خلاف دائر اپیل مسترد کرتے ہوئے نچلی عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا۔فیصلے کے مطابق ساتوں مقدمات میں سنائی گئی سزائیں بیک وقت نافذ ہوں گی، جس کے باعث اداکار کو مجموعی طور پر تین ماہ قید کاٹنا ہوگی۔عدالت نے راج پال یادیو کو ہر مقدمے میں شکایت کنندہ کو ایک کروڑ 50 لاکھ بھارتی روپے ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔ اس کے علاوہ ایک لاکھ چار ہزار روپے، جبکہ ریاست کے حق میں 75 ہزار اور 25 ہزار روپے اضافی ادا کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

فیصلے میں راج پال یادیو کی اہلیہ رادھا راج پال یادیو پر بھی ہر مقدمے میں پانچ کروڑ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔عدالت نے قرار دیا کہ اداکار کو معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرنے کے متعدد مواقع فراہم کیے گئے، تاہم وہ اپنے وعدوں پر عمل درآمد نہ کر سکے۔عدالت نے راج پال یادیو کو دو ماہ کے اندر اعلیٰ عدالت سے رجوع کرنے کی اجازت بھی دے دی۔