منیش پال کی والدہ ارمل پال انتقال کر گئیں، اہلِ خانہ سوگوار

منیش پال کی والدہ ارمل پال انتقال کر گئیں، اہلِ خانہ سوگوار

بھارتی اداکار اور معروف ٹی وی میزبان منیش پال کی والدہ ارمل پال بدھ کے روز نئی دہلی میں انتقال کر گئیں۔

 ان کی عمر 76 برس تھی، تاہم اہلِ خانہ کی جانب سے موت کی وجہ ظاہر نہیں کی گئی۔منیش پال کی ٹیم نے ایک بیان میں انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ اداکار منیش پال کی والدہ آج دہلی میں چل بسیں۔منیش پال اپنی والدہ کے بے حد قریب تھے اور اکثر سوشل میڈیا پر ان کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے رہتے تھے۔ 2022 میں والدہ کی سالگرہ کے موقع پر انہوں نے جذباتی پیغام میں لکھا تھا، "مجھے بے فکر اور خوش مزاج رہنا سکھانے کا شکریہ۔"مرحومہ ارمل پال اپنے شوہر جگ موہن پال، بیٹوں منیش پال اور وویک پال، جبکہ بیٹی جیوتی پال موہن کو سوگوار چھوڑ گئی ہیں۔

منیش پال نے اپنے کیریئر کا آغاز ریڈیو جوکی اور ویڈیو جوکی کے طور پر کیا، جس کے بعد وہ بھارتی ٹی وی کے معروف میزبانوں میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے متعدد ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کی، جن میں مکی وائرس بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے سا رے گا ما پا چھوٹے استاد، جھلک دکھلا جا، ڈانس انڈیا ڈانس لِل ماسٹرز اور نچ بلیے جیسے مقبول ریئلٹی شوز کی میزبانی بھی کی۔ ان کی حالیہ فلم ہے جوانی تو عشق ہونا ہے تھی۔