شہری گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں پارکنگ کے بجائے شاہراہوں پر کھڑی کر دیتے تھے
شہریوں کی سہولت کیلئے پارکنگ فیس کے نرخ بھی آویزاں کر دیے گئے ہیں،ترجمان
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی (پی آئی سی) کے گردونواح میں لاہور ٹریفک پولیس نے رانگ پارکنگ، غیر قانونی پارکنگ، تجاوزات اور ناجائز رکشہ اسٹینڈز کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے پارکنگ میں اوورچارجنگ کی شکایت پر الائیڈ محکموں کے تعاون سے مقدمہ درج کر لیا۔ترجمان کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر پی آئی سی کے اطراف خصوصی کارروائیاں کی گئیں۔ شہریوں کی سہولت کے لیے پارکنگ فیس کے واضح نرخ بھی آویزاں کر دیے گئے ہیں، جن کے مطابق موٹر سائیکل کی پارکنگ فیس 10 روپے جبکہ کار پارکنگ فیس 30 روپے مقرر کی گئی ہے۔سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ اوورچارجنگ کی وجہ سے شہری اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں پارکنگ کے بجائے مرکزی شاہراہوں پر کھڑی کر دیتے تھے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی تھی۔ مقررہ پارکنگ فیس کے نفاذ کے بعد شہری اب اپنی گاڑیاں پارکنگ کے اندر کھڑی کر رہے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ مقررہ نرخوں سے زائد پارکنگ فیس وصول کرنے کی شکایت موصول ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ترجمان کے مطابق پی آئی سی انتظامیہ نے بھی غیر قانونی رکشہ اسٹینڈز، پارکنگ کے مسائل اور تجاوزات کے حوالے سے شکایات سے آگاہ کیا تھا، جس کے بعد سی ٹی او لاہور نے ڈی ایس پی گلبرگ عمر فاروق کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا۔آپریشن کے دوران کارڈیولوجی ہسپتال کے گردونواح میں ٹریفک پولیس کے پٹرولنگ افسران اور لفٹرز بھی تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ رانگ پارکنگ کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے اور ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔