نامعلوم خاتون بچی کو ورغلا کر ٹرین کے ذریعے کراچی لے جانے کی کوشش کر رہی تھی
13 سالہ بچی اپنی والدہ کے ہمراہ مدرسہ گئی تھی تاہم واپس گھر نہ پہنچی:ایس پی عاطف امیر
لاہور(کرائم رپورٹر)بادامی باغ کے علاقے سے دینی تعلیم حاصل کرنے کے لیے گھر سے نکلنے والی 13 سالہ بچی کے اغواء کے مقدمے میں لاہور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچی کو سکھر سے بحفاظت بازیاب کر لیا۔پولیس کے مطابق 13 سالہ بچی اپنی والدہ کے ہمراہ مدرسہ گئی تھی تاہم واپس گھر نہ پہنچی، جس پر اہل خانہ نے کافی تلاش کے بعد تھانہ بادامی باغ میں اغواء کا مقدمہ درج کروا دیا۔ایس پی سٹی عاطف امیر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے بچی کی بازیابی کے لیے فوری طور پر خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ سب انسپکٹر عدنان گجر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے بچی کو سکھر سے بحفاظت بازیاب کر لیا۔ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ایک نامعلوم خاتون بچی کو ورغلا کر ٹرین کے ذریعے کراچی لے جانے کی کوشش کر رہی تھی۔