پارکنگ فیس ،ناجائز رکشہ سٹینڈز کیخلاف آپریشن

 موٹر سائیکل کی پارکنگ فیس 10 ، کار کی 30 روپے مقرر، زائد پارکنگ فیس پر سخت کارروائی کی جائے گی: سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی
 لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور ٹریفک پولیس نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی (پی آئی سی) کے گردونواح میں غیر قانونی پارکنگ، تجاوزات اور ناجائز رکشہ اسٹینڈز کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے پارکنگ میں اوورچارجنگ پر مقدمہ درج کر لیاسی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر الائیڈ محکموں کے تعاون سے کارروائی عمل میں لائی گئی۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کی سہولت کے لیے پارکنگ فیس واضح طور پر آویزاں کر دی گئی ہے، جس کے تحت موٹر سائیکل کی پارکنگ فیس 10 روپے جبکہ کار کی پارکنگ فیس 30 روپے مقرر کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اوورچارجنگ کے باعث شہری اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں مین سڑکوں پر کھڑی کر دیتے تھے، تاہم مقررہ نرخ نافذ ہونے کے بعد شہری پارکنگ کے اندر گاڑیاں کھڑی کرنے لگے ہیں۔سی ٹی او لاہور نے ڈی ایس پی گلبرگ عمر فاروق کو رانگ پارکنگ، اوورچارجنگ اور ناجائز رکشہ اسٹینڈز کے خلاف خصوصی ٹاسک سونپ دیا ہے جبکہ پی آئی سی کے اطراف پٹرولنگ افسران اور لفٹرز بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔ سی ٹی او لاہورسید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ مقررہ نرخوں سے زائد پارکنگ فیس وصول کرنے کی دوبارہ شکایت پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ نظام بہتر ہونے سے ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ دوسری جانب ڈائریکٹر پی آئی سی نے کارروائی پر سی ٹی او لاہور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس آپریشن کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کی درخواست بھی کی۔