ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ صورتحال پر بات چیت کے لیے ہفتے کے روز ایک اعلیٰ سطحی سفارتی وفد کی قیادت میں عمان کا دورہ کریں گے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق عباس عراقچی اپنے عمانی ہم منصب اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، علاقائی پیش رفت اور بالخصوص آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق دورے کے شیڈول یا مجوزہ ملاقاتوں کی مزید تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے اور آبنائے ہرمز سے متعلق سکیورٹی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ مبصرین کے مطابق عمان ماضی میں بھی علاقائی سفارتی رابطوں اور ثالثی کی کوششوں میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔