اسلام آباد: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں نور خان ایئربیس پر ایرانی سفیر رضا امیری مقدم سمیت ایرانی سفارتخانے اور دفتر خارجہ کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچا ہے۔ عباس عراقچی اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے، جس میں رکن ممالک کے درمیان علاقائی تعاون، اقتصادی روابط اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ان کی اہم ملاقات ہوگی، جس میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے امور زیر بحث آنے کا امکان ہے۔عباس عراقچی کے ہمراہ ایران کے 35 سے 40 صحافیوں پر مشتمل وفد بھی اسلام آباد پہنچا ہے، جو ان کے دورے اور ای سی او وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کی کوریج کرے گا۔ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد سے عمان روانہ ہوں گے۔