ایران اور عراق جانے والے زائرین کے لیے نیا آن لائن رجسٹریشن سسٹم متعارف

ایران اور عراق جانے والے زائرین کے لیے نیا آن لائن رجسٹریشن سسٹم متعارف

مقدس مقامات کی زیارت کے لیے ایران اور عراق جانے والے زائرین کی سہولت اور بہتر انتظامات کے لیے وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے نیا زیارت گروپ آرگنائزرز رجسٹریشن سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق نئے نظام کے تحت صرف رجسٹرڈ زیارت گروپ آرگنائزرز ہی زائرین کی بکنگ اور سفری انتظامات کر سکیں گے، جبکہ غیر رجسٹرڈ افراد یا کمپنیاں زیارت کے لیے بکنگ کی مجاز نہیں ہوں گی۔وزارت کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ زیارت پالیسی 2026 کے تحت ملک بھر میں 262 زیارت گروپ آرگنائزرز کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے، جن کے ذریعے ایران اور عراق جانے والے زائرین کے سفری معاملات انجام دیے جائیں گے۔اعلامیے کے مطابق رجسٹرڈ زیارت گروپ آرگنائزرز کی مکمل فہرست وزارتِ مذہبی امور کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے، جہاں زائرین اپنی سہولت کے مطابق مستند آرگنائزر کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

وزارت نے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف رجسٹرڈ زیارت گروپ آرگنائزرز کے ذریعے ہی بکنگ کروائیں اور کسی غیر مجاز فرد یا غیر رجسٹرڈ کمپنی سے لین دین سے گریز کریں، کیونکہ ایسی صورت میں ہونے والے کسی بھی نقصان یا دھوکہ دہی کی ذمہ داری وزارت پر عائد نہیں ہوگی۔وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد زائرین کو محفوظ، منظم اور شفاف سفری سہولیات فراہم کرنا، انتظامی نظام کو بہتر بنانا اور غیر قانونی آپریٹرز کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔