عوامی مسائل نظر انداز ، جماعت اسلامی ملک گیر احتجاج کرے گی

جنگی حالات اور عالمی مارکیٹ کا جواز بنا کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا : حافظ نعیم الرحمان 
لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا حکومت پر عوامی مسائل نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے جنگی حالات اور عالمی مارکیٹ کا جواز بنا کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جب کہ عوام پہلے ہی مہنگائی، بجلی اور گیس کے بھاری بلوں سے پریشان ہیں۔پٹرول پر بھاری لیوی وصول کی جا رہی ہے اور حکومت عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھا رہی ہے، ایسے افراد سے بھی ٹیکس لیا جا رہا ہے جن پر ٹیکس عائد نہیں ہونا چاہیے جب کہ حکومت لیوی کی مد میں اربوں روپے وصول کر چکی ہے، مگر توانائی کے شعبے اور ریفائنریز میں مطلوبہ بہتری نہیں آئی۔ملک میں عام آدمی کے مسائل اجاگر کرنے والی سیاسی آواز جماعت اسلامی ہے، کسان، مزدور، نوجوان اور متوسط طبقہ معاشی مشکلات کا شکار ہیں جب کہ حکومتی اخراجات اور مراعات پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں