جماعت اسلامی کا 26اپریل کو ملک گیر ہڑتال کااعلان

فلسطین کے بچوں کو کاٹ کر رکھ دیا گیا، حکمران سوئے ہوئے ہیں، لیکن امت جاگ رہی ہے
 غزہ کی کامیابی دنیا بھر کے مظلوموں کی کامیابی ہے،حافظ نعیم الرحمان کا غزہ ملین مارچ سے خطاب
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 26 اپریل کو مکمل ملک گیر ہڑتال ہو گی۔وفاقی دارالحکومت میں غزہ ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ فلسطین کے بچوں کو کاٹ کر رکھ دیا گیا، حکمران سوئے ہوئے ہیں، لیکن امت جاگ رہی ہے، ہم کسی بندوق اور گولی سے نہیں ڈرتے۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ پاکستان سے اسرائیل گئے اور وعدے وعید کرکے آئے ہیں، اسرائیل کے ساتھ بڑھو گے تو سب کچھ برباد ہو جائے گا، امریکا کے آگے جھکو گے تو سب ختم ہو جائے گا، فلسطین کا مقدمہ لڑنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کے ساتھ اپوزیشن بھی کوئی کام نہیں، مسلم حکمران غیر مسلموں سے غیرت کھائیں، غزہ کو مٹی کا ڈھیر بنا دیا گیا، حکمرانوں سے کہتا ہوں اٹھو اور اسرائیل کے خلاف آواز بلند کرو، اختلافات کے باوجود کشمیر اور فلسطین کے لیے ایک ہو جاؤ۔حافظ نعیم نے کہا کہ فلسطین سے ہمارا تعلق ایمان اور عقیدے کا ہے، ہم چاہتے ہیں پاکستان میں حماس کا دفتر کھولا جائے،یہ غزہ طوفان مارچ ہے نیتن یاہو کہتے ہیں ہمارا مقابلہ ان لوگوں سے ہے جو موت سے پیار کرتے ہیں، موت سے پیار کرنے والوں کو کوئی شکست نہیں دے سکتا، فلسطین میں 48 گھنٹوں میں 50لاشیں دفن ہوتی ہیں، غزہ کی کامیابی دنیا بھر کے مظلوموں کی کامیابی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس غزہ جنگ نے دنیا کو تقسیم کیا ،آج کا مارچ طوفان الاقصیٰ کا تسلسل ہے ۔امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ 26 اپریل کو مکمل ملک گیر ہڑتال ہو گی، ہم پولیس والوں کے ساتھ تصادم نہیں چاہتے، ہم اعلان کریں تو کوئی کنٹینر ہمارا راستہ نہیں روک سکا۔