ویب ڈیسک: پولینڈ کی ایگا سوائیٹک نے سوئٹزرلینڈ کی بیلنڈا بینسک کو شکست دے کر پہلی بار ومبلڈن ویمنز سنگلز فائنل میں جگہ بنا لی۔
سوائیٹک نے سیمی فائنل میں صرف ایک گھنٹے اور 11 منٹ میں آسان فتح حاصل کی۔ فائنل میں ان کا مقابلہ امریکہ کی امینڈا انیسمووا سے ہوگا، جنہوں نے ورلڈ نمبر ون ارینا سیبالینکا کو تین سیٹس کے سخت مقابلے کے بعد ہرایا۔ انیسمووا بھی پہلی بار ومبلڈن فائنل میں پہنچی ہیں۔دوسری جانب مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں سربیا کے نووک جوکووچ نے اٹلی کے فلاویو کوبولی کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی، جہاں ان کا سامنا ورلڈ نمبر ون جینک سینر سے ہوگا۔ سینر نے کوارٹر فائنل میں امریکہ کے بین شیلٹن کو ہرایا۔جوکووچ 25ویں گرینڈ سلم ٹائٹل اور ومبلڈن میں ریکارڈ 14ویں کامیابی کے لیے پُرعزم ہیں۔