سربیا کے اسٹار ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ نے ومبلڈن میں مردوں کے سنگلز مقابلوں میں سب سے زیادہ فتوحات کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ٹینس کی تاریخ میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔
نوواک جوکووچ نے سخت مقابلے کے بعد کوالیفائر رومن سفیولن کو 7-6، 6-3، 3-6 اور 6-3 سے شکست دے کر ومبلڈن کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔اس فتح کے ساتھ 39 سالہ جوکووچ نے ومبلڈن میں اپنے کیریئر کی 106ویں کامیابی حاصل کی اور سابق سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کا 105 فتوحات کا ریکارڈ توڑ دیا۔ومبلڈن کی تاریخ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ فتوحات کا اعزاز اب بھی خواتین کی سابق عظیم ٹینس اسٹار مارٹینا ناوراتیلووا کے پاس ہے، جنہوں نے 120 میچز میں کامیابی حاصل کی تھی۔جوکووچ اب ریکارڈ آٹھواں ومبلڈن ٹائٹل اور مجموعی طور پر 25واں گرینڈ سلیم جیتنے کے مشن پر گامزن ہیں۔ اگر وہ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرتے ہیں تو ان کا ممکنہ مقابلہ عالمی نمبر ایک جینک سنر سے ہو سکتا ہے، جسے شائقین ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے مقابلوں میں سے ایک قرار دے رہے ہیں۔