اسمبلی میں پنجاب حکومت کے غیر ضروری اخراجات بند‘ ذاتی تشہیر پر پابندی ، برطرف ملازمین کو بحال کرنے کی قراردادیں منظور
ریفرنسز میں شامل تمام ارکان کو آئینی دائرہ کار میں مکمل دفاع کا موقع فراہم کیا جائے گا:سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان
لاہور (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کے باہر اپنی اسمبلی لگا لی اور اس کو حقیقی اسمبلی قرار دیتے ہوئے تین قراردادیں بھی منظور کر لیں۔رپورٹ کے مطابق پنجاب کی اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی نے صوبائی اسمبلی کے باہر اپنی اسمبلی لگا لی۔ پی ٹی آئی نے اس کو حقیقی اسمبلی قرار دیتے ہوئے متفقہ طور پر تین قراردادیں بھی منظور کر لیں۔پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے پنجاب حکومت کے غیر ضروری اور شاہانہ اخراجات بند اور ذاتی تشہیر پر مکمل پابندی لگانے، کسانوں کو حقیقی فائدہ دینے اور برطرف ملازمین کو فوری بحال کرنے کے مطالبات پر مبنی قراردادیں پیش کی گئیں، جنہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔دریں اثناء پنجاب اسمبلی کے 26 معطل ارکان اسمبلی کے خلاف نا اہلی ریفرنسز پر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کارروائی شروع کر دی ۔ترجمان کے مطابق اسپیکر کو آرٹیکل 63(2) اور 113 کے تحت معطل ارکان کے خلاف ریفرنسز موصول ہو گئے ہیں ، اسپیکر کا 26 معطل ارکان کو ذاتی سماعت کاموقع دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل10A کے تحت ارکان اسمبلی کو شفاف سماعت کا حق دیا جا رہا ہے، ریفرنسز میں شامل تمام ارکان کو آئینی دائرہ کار میں مکمل دفاع کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ریفرنسز پر ذاتی سماعت آج 11 جولائی،صبح 11 بجے سپیکر چیمبر میں ہوگی، سپیکر آئین کے تحت 30 روز میں نااہلی ریفرنسز پر فیصلہ کرنے کے پابند ہیں ۔