عمرا ن ظفر کو مزدوری کیلئے لایا تھا، حبس بیجا میں بھی رکھا، 5ملزموں پر مقدمہ درج
شیخوپورہ(خصوصی رپورٹ)شیخوپورہ کے علاقہ فیصل آباد روڈ وی آئی پی ٹا ئون کے قریب بااثر شخص نے اپنی ہی عدالت لگاکر مزدور کو پائپوں سے مار مار کر بے ہوش کردیا اور مختلف جگہوں پر لے جاکر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے علاوہ اسے شرقپو رروڈ پر ایک کمرہ میں بند کرکے حبس بے جا میں رکھ کر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا رہا ،بھکھی پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔بتایا گیا ہے کہ عمرا ن مصطفی نامی شخص ظفر اقبال کو مزدوری کیلئے لایا اور بعدازاں پائپ چوری کا الزام عائد کرکے وی آئی پی ٹا ئون کے قریب اسے اپنی دکان کی چھت پر لے گیا اور مزید 5افراد کو بلواکر اپنی عدالت لگا کر فیصلہ سنایا کہ اس پر تشدد کرو۔جس پر عمران مصطفی کے ساتھیوں نے اس پر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ہا ئوسنگ کالونی لے گئے، پھر وہاں پر بھی اس کے کپڑے اتار کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعداس کو شرقپو رروڈ ماڈل ٹا ئون میں ایک کمرے میں بند کردیا۔ظفر اقبال کے ورثاء کو تشویش ہوئی تو انہوں نے ڈھونڈنا شروع کردیا اور معلوم ہونے پر جب معززین کے ہمراہ شرقپور روڈ ماڈل ٹا ئون پہنچے تو ظفر اقبال نیم مردہ حالت میں تھا، اسے فوری طور پر ڈی ایچ کیوہسپتال منتقل کیا گیا ،جس نے ہوش میں آنے کے بعد سارا وقوعہ بتایا تو بھکھی پولیس نے عمران مصطفی اور اسکے پانچ ساتھیوں پر مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔