لاہور (یواین پی) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پاکستان تحریک انصاف کے 26 ارکان کے خلاف ریفرنس بھیج دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے ایوان میں احتجاج کرنے پر معطل کیے جانے والے پی ٹی آئی کے 26 ارکان کے خلاف ریفرنس الیکشن کمشن کو بھیج دیا ہے جس میں اپوزیشن کے معطل ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں سپیکر آفس نے صوبائی وزارت قانون سے مشاورت کی، اس کے علاوہ قانونی و آئینی نکات پر سینئر قانون دانوں سے بھی رائے لی گئی، جس کے بعد پارلیمانی لیڈر کے فیصلے کی خلاف ورزی کو بنیاد بنا کر ان ارکان کی رکنیت ختم کیے جانے کا کیس بنایا گیا اور الیکشن کمیشن بھیجے جانے والے ریفرنس کے تحت پی ٹی آئی کے معطل 26ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی، سپیکر نے اس سلسلے میں سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے ایک فیصلے کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔