ملک احمد خان کی ہدایات پر اسمبلی حکام نے حکومتی درخواستوں کو معطل کرنے کا ڈرافٹ تیار کر لیا‘ ڈرافٹ سپیکر کی منظوری کے بعد جاری کر دیا جائے گا
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے معطل ارکان کو بحال کرنے پر عمل درآمد سپیکر پنجاب اسمبلی کی بیرون ملک سے واپسی پر کیا جائے گا:کامیاب مذاکرا ت میں فیصلہ
لاہور(آن لائن)پنجاب حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے،سپیکر پنجاب اسمبلی کااپوزیشن کے 26اراکین کیخلاف درخواستوں پر ریفرنس ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اراکین کی معطلی اور نااہلی ریفرنس پر حکومتی اور اپوزیشن کمیٹی کے درمیان معاملات طے پاگئے،سپیکر پنجاب اسمبلی کی ہدایات پر اسمبلی حکام نے حکومتی درخواستوں کو معطل کرنے کا ڈرافٹ تیار کر لیا۔ریفرنس ڈراپ کرنے کا ڈرافٹ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی منظوری کے بعد جاری کر دیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے معطل ارکان کو بحال کرنے پر عمل درآمد سپیکر پنجاب اسمبلی کے بیرون ملک سے واپسی پر کیا جائے گا۔ حکومت و اپوزیشن ارکان نے جن نکات پر اتفاق کیا اس میں معطل ارکان کی بحالی شامل ہے۔حکومتی و اپوزیشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد صوبائی وزیر ِ پارلیمانی امور پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج کا اجلاس نتیجہ خیز رہا۔حکومت و اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے ہوگیا۔انہوں نے بتایا کہ اس بات پر اتفاق ہوا کہ آئندہ اجلاس میں اپوزیشن و حکومتی ارکان کی طرف سے گالم گلوچ اور ممبر کی تضحیک نہیں کی جائے گی۔ اپوزیشن کے 26 ارکان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کرنے کیلئے حکومتی ارکان نے اسپیکر کو درخواستیں دے رکھی تھی جوکہ احمد اقبال، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان اور افتخار احمد چھاچھر کی طرف سے دائر کی گئی تھی۔