امریکا کے سابق صدر جان ایف کینیڈی کی نواسی تاتیانا شلوسبرگ 35 برس کی عمر میں کینسر کے باعث انتقال کر گئیں۔
تاتیانا شلوسبرگ ایک معروف ماحولیاتی اور سائنسی صحافی تھیں، جن کے مضامین نیو یارک ٹائمز، دی اٹلانٹک اور وینٹی فیئر میں شائع ہوتے رہے۔ انہیں مئی 2024 میں ایکیوٹ مائیلوڈ لیوکیمیا کی تشخیص ہوئی تھی۔ نومبر میں دی نیویارکر میں شائع ان کا مضمون ان کی بیماری اور اس کے اثرات پر روشنی ڈالتا تھا۔شلوسبرگ نے 2019 میں اپنی کتاب Inconspicuous Consumption: The Environmental Impact You Don’t Know You Have لکھی، جو ماحولیاتی شعور کے حوالے سے اہم سمجھی جاتی ہے۔
تاتیانا شلوسبرگ کے پسماندگان میں شوہر جارج موران اور دو بچے شامل ہیں۔ وہ ڈیزائنر ایڈون شلوسبرگ اور سفارت کار کیرولین کینیڈی کی بیٹی تھیں۔ ان کے خاندان نے ان کے انتقال کی خبر جے ایف کے لائبریری فاؤنڈیشن کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دی اور کہا کہ تاتیانا ہمیشہ ان کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔